سردار ایاز صادق ، اسحاق ڈار ملاقات، خیریت دریافت کی،نیک خواہشات کا اظہار
اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے۔ وزیر خارجہ کی سفارتی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سینیٹر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنے مؤقف کو مؤثر اور بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ملاقات میں وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی وسائل کے مؤثر اور دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔
سردار ایاز صادق، اسحاق ڈار ملاقات، خیریت دریافت کی، نیک خواہشات کا اظہار








