بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

توانائی اور برآمدات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس،بیٹری انرجی اسٹوریج منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی فراہمی کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی اور حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں ملکی برآمدات کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں توانائی کے مستقبل اور برآمدات کے فروغ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدہ صورتحال اور تیل کی رسد میں ممکنہ رکاوٹوں کے باوجود پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے مناسب استعمال کے باعث توانائی کا کوئی بڑا بحران پیدا نہیں ہوا۔ انہوں نے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ شمسی توانائی اور دیگر قابل تجدید ذرائع ہی بجلی کے شعبے کا مستقبل ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے قومی سطح پر ایک جامع اور مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنایا جا سکے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کل پیداوار کا 55 فیصد حصہ قابل تجدید ذرائع جبکہ 45 فیصد حصہ حیاتیاتی ایندھن پر مشتمل ہے، جبکہ آئندہ دس برسوں میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 90 فیصد تک بڑھانے اور حیاتیاتی ایندھن کو 10 فیصد تک محدود کرنے کیلئے منصوبہ بندی جاری ہے۔

برآمدات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ عالمی کشیدگی کے باوجود پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے نتیجے میں خلیجی ممالک کو برآمدات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ہدایت کی کہ سمندری راستوں کے ذریعے برآمدات میں اضافے کیلئے فوری طور پر بحری جہازوں کا انتظام کیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی زرعی اجناس کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برآمدات میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

مزید برآں اجلاس میں ملکی برآمدات کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ عالمی حالات کے مطابق اپنی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنائیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، مصدق مسعود ملک، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس احمد لغاری، جنید انور چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی ہارون اختر اور طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور برآمدات کے فروغ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔