بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

NIH نے عیدالاضحیٰ پر کانگو بخار پھیلنے کی ایڈوائزری جاری کردی

اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی ادارہ صحت نے عیدالاضحیٰ پر کانگو بخار پھیلنے سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی۔ شہریوں کو احتیاط اور صوبوں کو بروقت انتظامات کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

قومی ادارہ صحت کی ایڈوائزری میں کہا گیاہے کہ عید الاضحیٰ پر جانوروں کی غیر معمولی نقل و حمل کے دوران کانگو پھیلنے کا خدشہ ہے، کانگو وائرس بکری، بھیڑ اور خرگوش کے بالوں میں چھپی چیچڑی میں پایا جاتا ہے،چیچڑی کے کاٹنے یا متاثرہ جانوروں کے خون سے کانگو وائرس انسانوں میں منتقل ہوتا ہے،عیدالاضحیٰ سے قبل قربانی کے جانوروں کی صوبوں میں نقل و حمل بڑھ جاتی ہے۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق شہری خاص طور پر بچے جانوروں کے ساتھ زیادہ قربت سے احتیاط برتیں،جانوروں کو ذبح کرتے اور گوشت بناتے وقت دستانوں کا استعمال کریں،ہر سال بلوچستان میں کانگو بیماری کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوتے ہیں،پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا سے بھی کانگو کیسز رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، 2024 میں کانگو کے 61 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے،شرح اموات 15 فیصد رہی۔

2025 میں کانگو کیسز کی تعداد 82 تک پہنچ گئی،20 اموات بھی ہوئیں،رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں 4 کانگو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں،شہری ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ کپڑوں پر چیچڑی کا پتہ چل سکے،کانگو بخار کی روک تھام کے لئے حکومتیں اور محکمے بروقت اقدامات کریں۔