اسلام آباد (نیوزڈیسک)چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان نے ایم نیوز ،آن ٹی وی اور روز نامہ ممتاز کے دفاتر کا دورہ کیا اور ایم نیوز کو میڈیا میں اہم اضافہ قرار دیا اور توقع کا اظہار کیا کہ ایم نیوز قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام تک صیح اور درست معلومات پہنچانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔ ایم نیٹ ورک کے ہیڈ کوآرٹر پہنچے پر چیف ایگزیکٹو عاقل جمال بٹ اور آن ٹی وی کے سی ای او ڈاکٹر احسن طارق بٹ اور دیگر عہدیداران نے استقبال کیا ۔ چیئرپرسن پیمرا کے ہمراہ پیمرا کے ای ڈی جی آپریشنزبی ایم اینڈ میڈیا پی آر محمد طاہر شیخ اور ڈی جی لائسنسنگ ،بی ایم اینڈڈی ٹی ایچ (DTH)وکیل خان بھی تھے۔ چیئرپرسن پیمرا اورسینئر حکام نے ایم نیوز کے نیوز روم ، سٹوڈیو ،پی سی آر اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو عاقل جمال بٹ نے ایم نیوز اور آن ٹی وی کی نشریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان نے کہا کہ انہیں یہ دورہ کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے اور میڈیا کی دنیا میں ایم نیوز ایک اچھا اضافہ ہے اور اس کی خبروں اور پروگراموں کا معیار بہت اچھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا بلخصوص ٹی وی چینلز کے مسائل کے حل کے لئے پیمرا اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔ پیمرا ایگزیکٹو کے طور پرٹی وی چینلز کے جائز مسائل کے حل میں پہلے بھی اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ ایم نیوز میں تجربہ کار سینئر صحافیوں کے علاوہ نوجوان صحافیوں کی اور خواتین کی بڑی تعداد اپنے فرائض انجام دے رہی ہے جو خوش آئند بات ہے۔ چیئرپرسن پیمرا نے کہا کہ آن ٹی وی انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینلز میں اپنا نام بنا رہا ہے اور پرنٹ میڈیا میں روزنامہ ممتاز بھی مثبت کردار اد ا کررہا ہے۔
چیئرپرسن پیمرا کا ایم نیوز، آن ٹی وی، روزنامہ ممتاز کے دفاتر کا دورہ








