بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی حملے کا ٹل جانا عارضی بہتری ہے: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکی حملے کا ٹل جانا ایک عارضی بہتری ہے، تاہم پائیدار امن کے لیے مزید سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت چار برادر اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال ایک موقع فراہم کرتی ہے جسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے زور دیا کہ اسلامی برادری کا اس بات پر متفق ہونا ضروری ہے کہ اسرائیل کا وجود عالمی امن کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، اور اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں مکمل استحکام ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عرب اور خلیجی ممالک فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کی صورت میں ہی اپنی حقیقی ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق امت مسلمہ کو اس حوالے سے متحد ہو کر واضح مؤقف اپنانا ہوگا۔

میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے مربوط اور مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔