بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ کو اخلاقی و سفارتی شکست، خطے میں پاکستان کا کردار نمایاں: حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا ایران-امریکہ جنگ بندی کے تناظر میں ایک اہم ویڈیو بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس عارضی جنگ بندی کے موقع پر ایرانی قوم کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، پاکستان کی حکومت نے اس کشیدگی کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ حالات میں امریکہ کو اخلاقی، سفارتی اور حتیٰ کہ فوجی سطح پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ، اسرائیل کے مفادات کے تحت کام کر رہا ہے، جبکہ دنیا بھر میں باضمیر لوگ امریکی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں پاکستان کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ تمام ممالک کے ساتھ متوازن اور مضبوط تعلقات قائم کرے اور باہمی تجارت کو فروغ دے۔ خاص طور پر ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت ضروری ہے تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ آزاد تجارت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ ملکی سطح پر گیس اور پیٹرول کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاک-سعودی دفاعی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے ترکیہ اور ایران کو بھی اس میں شامل کیا جائے، جبکہ دیگر خلیجی ممالک کو بھی رضاکارانہ طور پر اس کا حصہ بننا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ حالیہ تنازع نے یہ واضح کر دیا ہے کہ امریکہ خلیجی ریاستوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت نہیں رکھتا۔ ان کے مطابق، خلیجی ممالک میں موجود امریکی اڈے دراصل اسرائیلی مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی سطح پر ایک متوازن بلاک کی تشکیل ضروری ہے، جس میں چین اور روس کو شامل کر کے انسانیت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے لبنان پر جاری اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود ایسے اقدامات قابلِ افسوس ہیں۔