بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور میں ایل پی جی مہنگی: قیمت 500 روپے فی کلو سے تجاوز، شہری پریشان

لاہور میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی کلو قیمت 500 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ اس اچانک مہنگائی نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔
مقامی دکانداروں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 500 سے 510 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ انہیں یہی گیس 480 سے 490 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ تقریباً 304 روپے فی کلو مقرر ہیں، مگر موجودہ سپلائی قیمت کے باعث اس ریٹ پر فروخت ممکن نہیں رہی۔ ان کے مطابق مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے مہنگی ایل پی جی فراہم کی جا رہی ہے، جس کا بوجھ براہِ راست صارفین پر پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھا رہا ہے اور اربوں روپے کما رہا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا فوری نوٹس لے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ قیمتوں کو قابو میں لایا جا سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔