بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان تھا “موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کی صلاحیت”۔ اس کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کے بزنس شعبے کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے گورننگ باڈی ممبر ڈاکٹر سید احمد حسین شاہ شریک ہوئے۔
کانفرنس کے انعقاد میں ڈاکٹر سلمان بشیر، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر ارمان خانزادہ، ڈاکٹر الطاف خاصخیلی، ڈاکٹر افروز سیال، ڈاکٹر جاوید شیخ اور شاداب فاطمہ نے نمایاں کردار ادا کیا۔
اس موقع پر ملک بھر کی مختلف جامعات کے سربراہان اور بین الاقوامی اسکالرز نے بھی شرکت کی، جن میں ڈاکٹر اریبلا بھٹو، ڈاکٹر معظم علی خان، ڈاکٹر نوید شیخ اور ڈاکٹر منظور علی میرانی شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے دور کا ایک بڑا عالمی چیلنج بن چکی ہے، جس کے اثرات نہ صرف ماحول بلکہ معیشت اور سماج پر بھی گہرے انداز میں پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے طلبہ کو جدید تحقیق، جدت اور عملی مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ ان چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ ساتھ ہی ماحولیاتی تحفظ، سماجی ذمہ داری اور اچھی حکمرانی (ESG) کے اصولوں کو اپنانے کو پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کہا کہ اس نوعیت کی علمی سرگرمیاں طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں اور انہیں جدید مسائل کو سمجھنے اور ان کا حل تلاش کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسز علم کے تبادلے اور عالمی تجربات سے سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہوتی ہیں، جو مستقبل میں مؤثر حکمت عملی ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔