بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 25 اپریل کو ملک بھر میں جلسے منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت محمود خان اچکزئی نے کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور بلوچستان کے حالات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اعلامیے میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے لبنان، شام اور غزہ کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ جنگ کے بجائے مکالمہ ہی مسائل کا حل ہے۔
اجلاس میں حکومت سے سیاسی مکالمے کے فروغ، قانون کی حکمرانی اور قومی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بلوچستان میں جاری آپریشنز بند کرنے، بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی رہائی، اور اختر مینگل کے خلاف مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
شرکا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے عمران خان سے ملاقاتوں کی بحالی کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی ان کے کیسز کی روزانہ سماعت اور دیگر سیاسی قیدیوں سمیت فوری رہائی کی اپیل بھی کی گئی۔
اجلاس میں یکم مئی کے موقع پر مزدوروں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ تنظیمی معاملات کے تحت پنجاب میں ڈاکٹر عمار علی جان اور سندھ میں سید زین شاہ کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
اس کے علاوہ مورو کیس میں گرفتار کارکنان کی رہائی اور سندھ میں دفعہ 144 کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔