بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے، لبنان میں 254 افراد جاں بحق

ایران کے ساتھ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے لبنان پر شدید فضائی حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 254 ہو گئی جبکہ 1100 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
لبنان سول ڈیفنس کے مطابق دارالحکومت بیروت سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 92 افراد جاں بحق اور 742 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ جنوبی بیروت کے مضافات میں 61 افراد ہلاک اور 200 زخمی ہوئے، جبکہ بعلبک، ہرمل، نباتیہ، عالیہ، صیدا اور صور سمیت دیگر علاقوں میں بھی جانی نقصان رپورٹ ہوا ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق صرف بدھ کے روز ہونے والے حملوں میں 112 افراد جان سے گئے اور 800 سے زائد زخمی ہوئے، جس کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیروت میں مسلسل دھماکوں سے شہر گونج اٹھا اور مختلف علاقوں سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں بیروت، وادی بقاع اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد کمانڈ سینٹرز اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی، جبکہ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں حزب اللہ کو بڑا نقصان پہنچایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔