بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جمیکا سے امریکا جانے والی پرواز میں خاتون مسافر کے ہاں بچے کی پیدائش، شہریت کے حوالے سے دلچسپ صورتحال

کیریبیئن ملک جمیکا سے امریکی شہر نیویارک جانے والی پرواز میں خاتون مسافر کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

کیریبین ایئر لائنز کی یہ پرواز 4 اپریل کو جمیکا کے شہر کنگسٹن سے امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

فضائی کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پرواز کے دوران ایمرجنسی کا سامنا ہوا تاہم سب کچھ ٹھیک رہا اور خاتون نے بچے کو جنم دیا۔

نیویارک پہنچنے کے بعد ماں اور بچے کا طبی ٹیم نے معائنہ کیا اور انہیں ضروری نگہداشت فراہم کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیدا ہونے والے بچے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ لڑکا ہے، نومولود کو کس ملک کی شہریت حاصل ہو گی اس حوالے سے صورتِحال غیر واضح ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ بچے کے والدین کے بارے میں تفصیلات موجود نہیں اور یہ بھی معلوم نہیں کہ جب بچے کی پیدائش ہوئی تو طیارہ حقیقت میں کس جگہ پرواز کر رہا تھا۔

اگر بچے کے والدین میں سے کوئی ایک امریکی شہری ہے تو بچے کو امریکی شہریت حاصل ہو گی۔

اگر والدین امریکی نہیں تو بھی امریکی قوانین کے مطابق اگر امریکی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے طیارے میں کسی بچے کی پیدائش ہوتی ہے تو اسے امریکی شہریت حاصل ہو گی۔