پاکستانی اداکارہ دیدار نے ساتھی اداکارہ ریشم سے معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے تنازع کو مزید ہوا دے دی۔
دیدار تھیٹر اور فلم انڈسٹری میں اپنی پرفارمنسز کے لیے جانی جاتی ہیں، وہ ابتداء میں بطور ڈانسر شہرت حاصل کرنے کے بعد اداکاری کی جانب آئیں، ان کی مقبول ترین فلم چوڑیاں ہے جبکہ وہ معروف اداکارہ نرگس کی چھوٹی بہن بھی ہیں۔
چند روز قبل دیدار نے ریشم کو زہریلا قرار دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ دوسروں کی زندگیاں تباہ کرتی ہیں، جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ شروع ہو گئی۔
تنازع شدت اختیار کرنے پر پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کو مداخلت کرنا پڑی، جنہوں نے دونوں سے ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان استعمال نہ کرنے کی اپیل کی اور دیدار کو معافی مانگنے کا مشورہ بھی دیا۔
ریشم نے عظمیٰ بخاری کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی دوست کسی نعمت سے کم نہیں ہوتیں۔
دوسری جانب دیدار نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ مجھے زبردستی معافی مانگنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
دیدار نے مزید کہا کہ کچھ لوگ آج میرا نام لینے سے گریز کرتے ہیں حالانکہ ماضی میں وہ میرے ساتھ وقت گزارتے، میرے گھر آتے جاتے اور کھانا کھاتے تھے، مگر اب وہی لوگ مجھے کمتر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی ایسا سوچتا ہے تو یہ اس کی اپنی رائے ہے، وقت کے ساتھ لوگ خود حقیقت جان جائیں گے اور بہت سے لوگ پہلے ہی حقیقت سے آگاہ ہیں۔
یہ تنازع سوشل میڈیا پر تاحال جاری ہے اور دونوں اداکاراؤں کے مداحوں کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔









