بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میتھیو پیری کی موت کا کیس: کیٹامین کوئین کو 15 سال قید کی سزا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک خاتون جسے کیٹامین کوئین کہا جاتا ہے، ان کو اداکار میتھیو پیری کی موت میں ملوث ہونے پر 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

جیسمین سنگھا پہلے ہی منشیات سے متعلق متعدد الزامات میں جرم قبول کر چکی تھیں، استغاثہ کے مطابق ان پر کیٹامین کی فراہمی کے نتیجے میں موت واقع ہونے کا الزام بھی شامل تھا۔

حکام کے مطابق سنگھا نے ایک درمیانی سلسلے کے ذریعے کیٹامین فراہم کی جو بالآخر اداکار تک پہنچی، پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ منشیات ایرک فلیمنگ کو فراہم کی، جس نے اسے پیری کے لائیو اِن اسسٹنٹ کینتھ ایواماسا تک پہنچایا۔

اکتوبر 2023ء میں مبینہ طور پر اس نیٹ ورک نے اداکار کے لیے کیٹامین کی 51 شیشیاں فراہم کیں، عدالتی دستاویزات کے مطابق 28 اکتوبر 2023ء کو ایواماسا نے کم از کم 3 انجیکشن دیے، جس کے نتیجے میں 54 سالہ اداکار کی موت واقع ہوئی۔

استغاثہ نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد سنگھا نے خود کو الگ کرنے کی کوشش کی اور فلیمنگ کو ہدایت دی کہ تمام پیغامات ڈیلیٹ کر دیے جائیں جبکہ ایپ سیٹنگز بھی تبدیل کی گئیں تاکہ گفتگو کا ریکارڈ ختم ہو جائے۔

سزا سے متعلق دستاویز میں پراسیکیوٹرز نے مؤقف اختیار کیا کہ سنگھا نے مہلک نتائج کا علم ہونے کے باوجود منشیات کی فروخت جاری رکھی اور انسانی جان کی پروا کیے بغیر منافع کو ترجیح دی۔

یہ سزا استغاثہ کی سفارش کے مطابق دی گئی ہے اور اس ہائی پروفائل کیس میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔