کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل عثمان طارق کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کراچی میں کنڈیشنز اسپنرز کو سپورٹ کریں گی، ہدف یہی ہے کہ اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کوئی ایک وکٹ نہیں، سب ہی بیٹرز کی وکٹ پر نظریں ہیں، جب ٹیم کو آپ سے توقعات ہوتی ہے تو یہ ذمے داری کا احساس اہم ہوتا ہے۔
عثمان طارق کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل کر پلیئر کا اعتماد کافی بہتر ہو جاتا ہے، انٹرنیشنل کرکٹرز سے لیگ کرکٹ میں توقعات بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹاپ لیول کرکٹ میں آپ کا نام نہیں بلکہ آپ کی پرفارمنس اہم ہوتی ہے، آپ جتنا بڑا بھی نام ہوں، اگر اچھی بولنگ نہیں ہوگی تو رزلٹ نہیں ملے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنے ایکشن کے اثر کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر انحصار کرتا ہوں، کوشش ہوتی ہے کہ بیٹر کو اس کے اسٹرانگ زون کے بجائے اپنے پلان کے مطابق کھلاؤں۔
عثمان طارق نے کہا کہ آج کل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کافی بیٹنگ فرینڈلی ہو گئی ہے، آج کل کی کنڈیشنز میں بولرز کو کافی دماغ لگانا ہوتا ہے، بیٹر کے لیے میچ کی سیچیوشن کے مطابق گیندیں پلان کرتا ہوں۔









