اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم کو فرانس کے صدر کا ٹیلیفونآج دوپہر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو فرانس کے صدر عزت مآب ایمانوئل میکرون کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران صدر میکرون نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے اور دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر میکرون کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ تشدد اور خونریزی کا فوری خاتمہ ضروری ہے تاکہ پورے خطے میں امن بحال کیا جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
فرنچ وزیراعظم کا شہباز شریف کو فون، ثالثی کی کوششوں پر مبارکباد دی








