اسلام آباد(نیوزڈیسک)طرفین کا اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو ناگزیر قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ، بالخصوص لبنان کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں استحکام کے لیے طے شدہ معاہدوں کی پاسداری انتہائی ضروری ہے تاکہ انسانی بحران کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشکل حالات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مسلسل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔









