بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خواتین کے مقابلے میں مردوں کی عمر کم کیوں ہوتی ہے؟ سائنسدانوں نے وجہ جان لی

یہ تو پہلے ہی ثابت ہوچکا ہے کہ خواتین کی اوسط عمر مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، مگر اس کی وجہ کیا ہے؟
ایک نئی طبی تحقیق میں اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی گئی ہے کہ آخر مردوں کی اوسط عمر خواتین کے مقابلے میں کم کیوں ہے۔
اس کی وجہ مردوں کے خلیات میں وائے کروموسوم کا بتدریج ختم ہوجانا ہے۔
یہ بات جرنل سائنس میں شائع ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتائی گئی۔
تحقیق کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ وائے کروموسوم کا بتدریج ختم ہونا مردوں کے قلب کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے اور جان لیوا ہارٹ فیل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ 60 سال کی عمر کے بعد خواتین کے مقابلے میں مردوں کی اموات زیادہ ہوتی ہیں، کیونکہ جینیاتی طور پر ان کی اندرونی عمر زیادہ تیزی سے بڑھتی ہے۔
اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ آخر مردوں کی اوسط عمر خواتین کے مقابلے میں کم کیوں ہوتی ہے۔
تمام انسانوں میں کروموسومز کے 23 جوڑے ہوتے ہیں جن میں سے 22 مردوں اور خواتین میں ایک جیسے ہوتے ہیں۔

اس سے ہٹ کر خواتین میں 2 ایکس کروموسومز کا جوڑا ہوتا ہے جبکہ مردوں میں ایک وائے اور ایک ایکس کروموسوم پر مبنی جوڑا ہوتا ہے۔
مگر عمر بڑھنے کے ساتھ مردوں کے کچھ خلیات سے وائے کروموسوم ختم ہوجاتا ہے، بالخصوص ان خلیات میں جو اثر بدلتے رہتے ہیں جیسے خون کے خلیات۔
اس سے قبل ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں وائے کروموسوم کے ختم ہونے، عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والی بیماریوں اور اموات کے درمیان تعلق کا اشارہ دیا گیا تھا، مگر اس کی وجہ بننے والے میکنزم پر روشنی نہیں ڈالی گئی تھی۔
اس مقصد کے لیے اس نئی تحقیق میں شامل ماہرین نے کرسپر جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے نر چوہوں کے بون میرو خلیات سے وائے کروسوموم کو ختم کردیا، جس کے بعد وائے کروموسوم سے محروم خون کے سفید خلیات کی پروڈکشن ہونے لگی۔
ان میں سے کچھ خلیات چوہوں کے دل تک پہنچے اور ایک میکنزم کو متحرک کردیا۔
اس میکنزم سے دل کے ٹشوز کو نقصان پہنچا اور دل کے افعال میں بتدریج کمی آنے لگی جس سے تحقیق کے دوران نر چوہے جلد مرنے لگے۔
محققین نے بتایا کہ دل کے ٹشوز کو عمر بڑھنے کے ساتھ نقصان پہنچتا ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں 45 فیصد اموات کی وجہ یہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجربے سے عندیہ ملتا ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں کی جلد موت کا باعث وائے کروموسوم کا ختم ہونا ہے۔
انسانوں میں ان نتائج کے اطلاق کے لیے محققین نے یوکے بائیو بینک کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور دریافت ہوا کہ وائے کروموسوم سے محرومی امراض قلب اور موت کے زیادہ خطرے سے جڑی ہوئی ہے۔
مگر انہوں نے بتایا کہ جب چوہوں کا علاج ایک ایسی اینٹی باڈی سے کیا گیا جس سے خون کے سفید خلیات کی سرگرمیاں بلاک ہوگئیں تو دل کے افعال میں پھر سے بہتری آنے لگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے امکان پیدا ہوتا ہے کہ اس مسئلے کے علاج کے لیے ادویات کو تیار کیا جاسکتا ہے۔