بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنے بیٹے جنید خان کی آنے والی رومانوی فلم ’ایک دن‘ میں تخلیقی کردار ادا کرتے ہوئے فلم کا کلائمکس خود دوبارہ تحریر کر دیا۔
فلم ساز منصور خان نے انکشاف کیا ہے کہ عامر خان کو فلم کے اختتام پر تحفظات تھے جس کے بعد انہوں نے اس میں تبدیلی کی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں منصور خان نے بتایا کہ عامر خان نے کلائمکس سین پر اعتراض کیا اور اسے دوبارہ لکھا، جس پر تمام ٹیم نے اتفاق کیا کہ ان کی رائے درست تھی، انہوں نے اس منصوبے کو ٹیم ورک کی بہترین مثال قرار دیا۔
فلم میں جنید خان کے ساتھ سائی پلوی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جو اس فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کر رہی ہیں، فلم کے ہدایت کار سنیل پانڈے ہیں جبکہ اسے عامر خان پروڈکشنز کے تحت منصور خان اور اپرنا پروہت کے اشتراک سے پروڈیوس کیا جا رہا ہے۔
منصور خان اس سے قبل عامر خان کے ساتھ ’قیامت سے قیامت تک‘ اور ’جو جیتا وہی سکندر‘ جیسی مشہور فلموں میں کام کر چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ فلم کی تیاری کے دوران تخلیقی اختلافات بھی سامنے آئے لیکن انہیں مثبت انداز میں حل کیا گیا۔
انہوں نے ایک موقع کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جاپان میں فلمائے گئے ایک گانے کے دوران عامر خان نے جذباتی انداز میں تبدیلی کی تجویز دی، تاہم اس وقت ہدایت کار کے وژن کو ترجیح دی گئی، بعد ازاں جب عامر خان نے حتمی نتیجہ دیکھا تو انہوں نے بھی اس فیصلے سے اتفاق کیا۔
فلم ’ایک دن‘ دراصل 2016ء کی تھائی فلم ’ون ڈے‘ کا ری میک ہے اور اسے یکم مئی 2026ء کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔









