صدر مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے عالمی یومِ کتاب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتابیں علم و آگہی کا مستند ذریعہ ہیں اور مطالعہ ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ کتاب ہمیں علم، شعور اور فکری بیداری کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں بھی کتابوں کی اہمیت کم نہیں ہوئی بلکہ مزید بڑھ گئی ہے، اس لیے نئی نسل میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے جو ہر دور میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرتی مسائل کے حل کے لیے مطالعہ ناگزیر ہے اور گہرائی سے سوچنے والے افراد ہی مستقبل میں نمایاں ہوتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں مطالعہ کے کلچر کو فروغ دینا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے جبکہ نیشنل بک فاؤنڈیشن اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز کی شاندار فتح، راولپنڈی کو مسلسل آٹھویں شکست
صدر مملکت کے مطابق کتابیں ماضی، حال اور مستقبل کو جوڑنے کا ذریعہ ہیں اور نوجوانوں کو کتاب سے جوڑنا روشن پاکستان کی ضمانت ہے۔









