بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ویرات کوہلی کی حمایت میں ایک اور مضبوط آواز بلند ہو گئی

سڈنی (سپورٹس ڈیسک) گزشتہ کچھ عرصے سے بری پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے ویرات کوہلی کی حمایت میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ  بھی میدان میں اتر آئے ۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ کوہلی کو نمبر تین پر ہی بلے بازی کیلئے لانا چاہئے ، اس کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی  اس کیلئے مزید پریشانیوں کی وجہ سے بن سکتی ہے ، میں اس بھارتی کرکٹ ٹیم کے مخالف کھیلنے میں خوف محسوس کروں گا جس میں ویرات کوہلی بھی شامل ہو ، اگر بھارتی ٹیم ویرات کوہلی کو میچز سے ڈراپ کرتی ہے تو یہ ان کے مخالفین کو  فائدہ دے گا۔

رکی  پونٹنگ نے مزید کہا کہ ہر ٹیم کی یہ خواہش ہے کہ بھارتی ٹیم کوہلی کے بغیر کھیلے کیونکہ وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے ، یہ وقت کوہلی کے حق میں نہیں  مگر اس نے  اپنی زندگی میں کئی بلے بازوں اور باؤلرز کو  اسی وقت سے گزرتے  اور پھر   واپس فارم میں آتے دیکھا ہے ۔

سابق آسٹریلوی کپتان  نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ کے موقع پر ویرات کوہلی جیسے  کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کرینگے تو پھر  اسے بھی کم بیک کرنا مشکل ہو جائے گا۔ اگر میں بھارتی ٹیم کا کوچ یا کپتن ہوتا تو  ویرات کوہلی کا اعتماد بحال کرتا اور اس کی زندگی آسان کر دیتا ، اس کیلئے ہر چیز کو  مثبت کرنے کی کوشش کرتا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق  بھارتی کپتان اور  جارحانہ مزاج بلے باز  ویرات کوہلی نومبر  2019 کے بعد اب تک  بین الاقوامی میچز میں ایک بھی سنچری نہیں بنا سکے جبکہ حالیہ کچھ عرصے میں ان کی بلے بازی زوال کا شکار ہے ۔