مچھلی کے تیل کے کیپسول (Fish oil capsules) دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے غذائی سپلیمنٹس میں شمار ہوتے ہیں، جن میں اومیگا-3 فیٹی ایسڈز کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ فیٹی ایسڈز انسانی صحت خصوصاً دماغی کارکردگی کے لیے انتہائی اہم سمجھے جاتے ہیں۔
ایک تازہ تحقیق میں روزانہ مچھلی کے تیل کے استعمال کے ایک اہم فائدے کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے مطابق اس کا باقاعدہ استعمال ڈپریشن اور انزائٹی جیسے ذہنی مسائل سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ تحقیق Nutrition سے متعلق جریدے میں شائع ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ جن افراد کے جسم میں اومیگا-3 کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، ان میں ذہنی دباؤ اور بے چینی کے امکانات نسبتاً کم ہو جاتے ہیں۔
تحقیق کے لیے دو بڑے گروپس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جن میں ایک لاکھوں افراد کے خون کے نمونے اور دوسرا وہ افراد شامل تھے جو باقاعدگی سے مچھلی کے تیل کے کیپسول استعمال کرتے تھے۔ مجموعی طور پر لاکھوں افراد کے ڈیٹا سے نتائج اخذ کیے گئے۔
نتائج کے مطابق جن افراد میں اومیگا-3 کی سطح زیادہ تھی، ان میں ڈپریشن کا خطرہ تقریباً 15 سے 33 فیصد جبکہ انزائٹی کا خطرہ 19 سے 22 فیصد تک کم دیکھا گیا۔
محققین کے مطابق اگرچہ اس اثر کی مکمل سائنسی وجہ واضح نہیں، تاہم یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اومیگا-3 خون کی روانی بہتر بناتا ہے اور دماغ میں موڈ کو کنٹرول کرنے والے کیمیکل نظام کو متحرک کرتا ہے۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں لوگ روزانہ مطلوبہ مقدار میں اومیگا-3 حاصل نہیں کر پاتے، جس کی وجہ سے ایسے سپلیمنٹس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈپریشن ایک عام مگر سنجیدہ ذہنی مسئلہ ہے جو مختلف عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے اور اس کے اثرات ذہنی اور جسمانی دونوں سطح پر ظاہر ہو سکتے ہیں۔









