پاکستان کے ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عباس (Muhammad Abbas)نے سلہٹ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں انہوں نے پاکستان سے باہر اپنے 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے ٹیسٹ میں محمد عباس نے تین وکٹیں حاصل کر کے نہ صرف ٹیم کو اہم کامیابی دلائی بلکہ بیرون ملک اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر لی۔ اس اعزاز کے ساتھ وہ ان چند پاکستانی فاسٹ بولرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے، جن میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
محمد عباس نے اسی میچ کے دوران اپنے پروفیشنل کیریئر کی مجموعی طور پر ایک ہزار وکٹیں بھی مکمل کیں، جو ان کے مستقل مزاجی اور شاندار فارم کا ثبوت ہے۔
مزیدپڑھیں:حکومت کا بڑا فیصلہ، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے اب تک 884 فرسٹ کلاس، 84 لسٹ اے اور 32 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کی ہیں، جس سے وہ ڈومیسٹک اور کاؤنٹی کرکٹ کے کامیاب ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق محمد عباس کی لائن و لینتھ اور مسلسل دباؤ برقرار رکھنے کی صلاحیت انہیں جدید دور کے بہترین ٹیسٹ بولرز میں نمایاں کرتی ہے، خاص طور پر غیر ملکی کنڈیشنز میں ان کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی ہے۔









