قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ Umar Gul نے فاسٹ بولر Shaheen Shah Afridi کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلادیش کے خلاف تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ انہوں نے صبح سوشل میڈیا پر دیکھا کہ ان کے اور شاہین آفریدی کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ شاہین کوچ کی بات نہیں مان رہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ان کے مطابق حسن علی کو دورانِ میچ سر پر گیند لگی تھی، جس کے بعد کنکشن کے خطرے کے باعث فوری صورتحال کو دیکھنا ضروری تھا۔ اسی لیے انہوں نے باہر بیٹھے شاہین آفریدی سے گفتگو کی اور میدان میں جانے کا کہا۔
عمر گل نے کہا کہ ویڈیو کلپس یا تصاویر سے غلط تاثر لیا گیا، حالانکہ نہ تو کوئی تلخ کلامی ہوئی اور نہ ہی ان کے اور شاہین کے درمیان کسی قسم کا اختلاف ہے۔
What really happened between Umar Gul and Shaheen Afridi? Heated moment or normal discussion? #pakvban #cricket #PakistanCricket pic.twitter.com/vLMkrfyvLc
— Urooj Jawed🇵🇰 (@uroojjawed12) May 17, 2026
بولنگ کوچ نے میچ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ابھی دو دن موجود ہیں اور اگر بیٹرز اچھی شراکتیں قائم کریں تو 437 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کو بڑا سفارتی اعزاز مل گیا
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے اور ٹیم ذہنی طور پر ہدف کے تعاقب کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق اگر دو سے تین مضبوط پارٹنرشپس بن جائیں تو پاکستان میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ سکتا ہے۔
عمر گل نے پچ کے حوالے سے کہا کہ پہلے روز وکٹ بولرز کے لیے مددگار تھی، جہاں نمی اور سوئنگ موجود تھی، تاہم دوسرے اور تیسرے روز بیٹنگ نسبتاً آسان ہوگئی اور بنگلادیشی بیٹرز نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کم ٹیسٹ میچز کھیلتا ہے، جس کی وجہ سے بولرز کا ردھم متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم تقریباً چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہے، اس لیے تسلسل کا فقدان فطری بات ہے۔









