گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی(Faisal Karim Kundi) نے کہا ہے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر عائد مصنوعی پابندیاں نہ صرف تشویش ناک ہیں بلکہ یہ آزاد تجارت کے اصولوں کے بھی خلاف ہیں۔
اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان پورے ملک میں آزاد اور منصفانہ تجارت کی ضمانت دیتا ہے، اس لیے اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان گندم کی آزادانہ ترسیل کو برقرار رکھنا نہ صرف آئینی تقاضا ہے بلکہ ملکی معیشت اور عوامی مفاد کے لیے بھی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں؛امریکا ایران ثالثی مثبت نتیجے کی جانب بڑھ رہی ہے، خواجہ آصف
گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق گندم کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو فروغ ملتا ہے، جس کا براہِ راست اثر عام شہری پر پڑتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل کو فوری طور پر بحال اور آسان بنایا جائے تاکہ خیبر پختونخوا کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔









