امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو (Marco Rubio) نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے کے قریب پہنچنے کی توقع ہے اور امکان ہے کہ جلد کوئی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔
نئی دہلی میں دورۂ بھارت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آج، کل یا آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے کوئی اہم اعلان سامنے آ جائے۔
مارکو روبیو کے مطابق امریکا کو امید ہے کہ ایران سے جاری مذاکرات مثبت نتیجہ دیں گے اور اس حوالے سے پیش رفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی ترجیح اس تنازع کو سفارتی طریقے سے حل کرنا ہے۔
مزید پڑھیں؛فرانس کا اسرائیلی وزیر اتمر بن گویر پر داخلے کی پابندی کا اعلان
اس سے قبل بھی امریکی وزیر خارجہ نے عندیہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ رابطوں میں پیش رفت جاری ہے اور مختلف فریقین کے درمیان سفارتی کوششیں تیز ہوئی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مختلف علاقائی رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ایران سے ممکنہ معاہدے کو خطے کے استحکام کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور فریقین کسی ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔









