گھریلو انٹرنیٹ(Internet) صارفین کے لیے ایک دلچسپ تجربہ سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایلومینیم فوائل کے استعمال سے وائی فائی سگنل میں بہتری آ سکتی ہے۔
کمزور وائی فائی سگنل کا مسئلہ گھروں میں عام ہے اور اکثر صارفین بہتر رفتار کے لیے مختلف طریقے آزماتے رہتے ہیں۔
ایک غیر ملکی ٹیک ویب سائٹ کے مطابق ایک صارف نے اپنے وائی فائی راؤٹر کے پیچھے ایلومینیم فوائل لگا کر انٹرنیٹ اسپیڈ کا تجربہ کیا۔ اس تجربے میں فوائل لگانے سے پہلے اور بعد میں نیٹ اسپیڈ کو خصوصی ایپ کے ذریعے چیک کیا گیا۔
نتائج کے مطابق ڈاؤن لوڈ اسپیڈ میں تقریباً 58 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا، جبکہ اپ لوڈ اسپیڈ میں معمولی بہتری یعنی تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ تاہم اس کے ساتھ ایک منفی پہلو بھی سامنے آیا، جس میں پنگ یا ردعمل کے وقت میں تقریباً 12 ملی سیکنڈ کا اضافہ ہوا، جو آن لائن گیمنگ اور ریئل ٹائم سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:نئی بنگلہ دیشی حکومت کا پاسپورٹ ڈیزائن میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان
وائی فائی سگنلز دراصل ریڈیو ویوز ہوتے ہیں جو مختلف سطحوں سے منعکس ہو سکتے ہیں۔ چونکہ ایلومینیم فوائل ریڈیو ویوز کو ریفلیکٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے یہ بعض حالات میں سگنل کو گھر کے مخصوص حصوں کی طرف موڑ کر بہتر کوریج فراہم کر سکتا ہے۔
تاہم ماہرین یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ یہ طریقہ کوئی مکمل یا مستقل حل نہیں بلکہ صرف مخصوص ماحول میں جزوی بہتری فراہم کر سکتا ہے۔ ہر گھر کے ڈیزائن، دیواروں اور راؤٹر کی پوزیشن کے مطابق اس کے نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ اگرچہ یہ ایک سادہ اور سستا تجربہ ہے، لیکن بہتر اور مستحکم انٹرنیٹ کے لیے درست راؤٹر پوزیشننگ، جدید ڈیوائسز اور نیٹ ورک اپ گریڈ زیادہ مؤثر حل سمجھے جاتے ہیں۔









