امریکی دارالحکومت میں وائٹ ہاؤس(The White House) کے قریب سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت نیسائربیسٹ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ریاست میری لینڈ سے بتایا جا رہا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ملزم ذہنی مسائل کا شکار رہا ہے اور ماضی میں بھی سیکریٹ سروس اہلکاروں سے الجھ چکا تھا۔
واقعے کے دوران جوابی فائرنگ میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا جو بعد ازاں دم توڑ گیا، جبکہ خوش قسمتی سے کسی سیکیورٹی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
مزیدپڑھیں:جمائما گولڈ اسمتھ کا 6.5 ملین پاؤنڈ کا لندن گھر فروخت کے لیے پیش
یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے پیش آیا، جس کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کو سیکیورٹی خدشات کے باعث عارضی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا، تاہم کچھ دیر بعد صورتحال معمول پر آنے پر لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت اس وقت کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے، تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔
عینی شاہدین اور صحافیوں کے مطابق فائرنگ کے دوران تقریباً 30 گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کی چھت پر اسنائپرز تعینات کر دیے گئے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر صحافیوں کو نارتھ لان سے پریس بریفنگ روم منتقل کر دیا گیا۔
ٹی وی چینلز پر لائیو رپورٹنگ کے دوران فائرنگ کی آوازیں بھی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئیں، جس کے باعث صورتحال مزید سنسنی خیز ہو گئی۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل بھی واشنگٹن میں ایک مسلح شخص کی جانب سے مبینہ طور پر سابق صدر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جس کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے گئے تھے۔









