بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب میں عید کے دوران آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

پنجاب حکومت(Punjab Government) نے عیدالاضحیٰ(Eid Ul Adha) کے موقع پر صفائی اور انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کھلے عام جانوروں کی آلائشیں اور فضلہ پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں عید کے دوران صوبے بھر میں صفائی، سیکیورٹی اور عوامی سہولتوں سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جانوروں کی غیر قانونی فروخت، غیر مخصوص مقامات پر مویشی منڈیوں کے قیام اور ناجائز تجارت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم فعال ہوگا جبکہ چوری اور ڈکیتی جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کی جانب سے کھال جمع کرنے پر مکمل پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

مزیدپڑھیں:سچن ٹنڈولکر کا بیٹے ارجن کے لیے جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر وائرل

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی ہوگی جبکہ تفریحی پارکس میں نصب جھولوں کی حفاظتی جانچ پڑتال لازمی قرار دی گئی ہے۔

صفائی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عیدگاہوں اور مساجد کو گلاب کے پانی سے دھویا جائے، جبکہ ریلوے کالونیوں، کینٹ اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بھی صفائی یقینی بنائی جائے۔

عید کے دوران پانی کی بلا تعطل فراہمی، بس اڈوں اور گاڑیوں میں کرایہ نامے آویزاں کرنے اور ایئرپورٹس کے قریب کوڑا کرکٹ کے ڈھیر ڈھانپنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پورے پنجاب میں عارضی جھولوں پر پابندی ہوگی اور پارکس میں لگائے گئے جھولوں کی مکمل حفاظتی جانچ کی جائے گی۔

مزید برآں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے سائبر پیٹرولنگ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے یومِ حیاتیاتی تنوع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے خصوصی وائلڈ لائف فورس اور ہیلپ لائن 1107 فعال کر دی گئی ہے، جبکہ پہلی بار پنجاب وائلڈ لائف فورس میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق جدید جی پی ایس ٹریکنگ اور مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جنگلی حیات کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے، جبکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔