پشاور: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی (Sohail Afridi) نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملاقات کو خفیہ قرار دینا درست نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، خصوصاً بنوں میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے 14 مئی کی ایک مبینہ ملاقات کے حوالے سے مختلف دعوے سامنے آ رہے تھے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر نے وزیر داخلہ سے خفیہ ملاقات کی۔ بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ علیمہ خان سمیت عمران خان کے خاندان کا ایک فرد بھی ملاقات میں شریک تھا۔
مزید پڑھیں؛ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی امید، عالمی منڈی میں تیل سستا
تاہم گزشتہ روز علیمہ خان نے سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر کی محسن نقوی سے ملاقات ضرور ہوئی تھی، لیکن عمران خان کے خاندان کا کوئی فرد اس ملاقات میں شامل نہیں تھا۔
اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جب ہر طرف اس ملاقات کا ذکر ہو رہا ہے تو اسے خفیہ قرار دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو روز قبل پریس کانفرنس میں بھی وہ واضح کر چکے ہیں کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے وہ تمام متعلقہ حلقوں سے رابطے میں ہیں، اور انہیں یہ مینڈیٹ عمران خان نے دیا ہے۔
سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کے بعد مختلف سوالات اور قیاس آرائیاں بھی زیرِ بحث ہیں، تاہم سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ملاقات کا مقصد صرف صوبے کے امن و امان سے متعلق امور پر مشاورت تھا۔









