بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنگ بندی کے باوجود امریکا کے جنوبی ایران میں فضائی حملے، سینٹکام کی تصدیق

امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے ایران کے جنوبی علاقوں میں فضائی کارروائیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے امریکی فوجیوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے کیے گئے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے۔

سینٹکام کے ترجمان نیوی کیپٹن ٹم ہاکنز کے مطابق امریکی فورسز نے ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں ایرانی فورسز کی جانب سے بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں اور میزائل لانچ سائٹس کی موجودگی کا خدشہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج اپنے اہلکاروں کے دفاع کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے تاہم خطے میں موجود امریکی افواج کو لاحق کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت جواب دیا جائے گا۔

مزیدپڑھیں:لاکھوں مسلمان آج فریضہ حج ادا کریں گے

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز جنوبی ایران کے شہر بندر عباس اور آبنائے ہرمز کے قریبی ساحلی علاقوں میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم ایرانی حکام نے فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 7 اپریل سے جنگ بندی نافذ ہے۔ اگرچہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران محدود نوعیت کے حملوں اور کشیدگی کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اب تک کسی فریق نے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کا اعلان نہیں کیا۔

دوسری جانب تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک ممکنہ مفاہمتی یادداشت پر بھی پیشرفت جاری ہے، تاہم اس معاہدے کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں۔