بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شیڈو بجٹ میں برآمدات 80 ارب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز

ای پی بی ڈی (Economic Policy and Business Development Think Tank )نے اپنا شیڈو بجٹ پیش کرتے ہوئے ملکی معیشت کے لیے بڑے اہداف اور اصلاحاتی تجاویز سامنے رکھ دی ہیں، جن میں برآمدات کو 80 ارب ڈالر تک بڑھانے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

ایس ایم تنویر کے مطابق تھنک ٹینک میں سینئر صنعتکار، ٹیکنوکریٹس اور ماہرینِ اقتصادیات شامل ہیں، جنہوں نے دو ماہ کی مشاورت اور معاشی جائزے کے بعد شیڈو بجٹ، شیڈو اکنامک سروے، ٹیکس اصلاحات اور پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت آئندہ چند برسوں میں ملکی برآمدات کو موجودہ 30 ارب ڈالر سے بڑھا کر 80 ارب ڈالر تک لے جانے، جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھا کر 10 کروڑ تک پہنچانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دفاعی بجٹ میں 35 فیصد اضافے اور آئندہ پانچ برسوں میں جی ڈی پی کی شرح نمو 8.5 فیصد تک لے جانے کا ہدف بھی تجویز کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں؛پاکستانی فری لانسرز نے 10 ماہ میں 95 کروڑ ڈالر کمالیے

ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ یہ شیڈو بجٹ محض تجاویز کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل اور قابلِ عمل معاشی فریم ورک ہے، جس میں صنعتوں کے لیے ریلیف، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لیے جامع حکمتِ عملی شامل کی گئی ہے۔

تھنک ٹینک نے فی کس آمدن کو 1900 ڈالر سے بڑھا کر 2900 ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ بھی پیش کیا ہے۔ اس کے ساتھ جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد اور تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح 35 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

شیڈو بجٹ میں شرحِ سود اور ڈالر کی قدر میں کمی، 40 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو ختم کرنے، پنشن میں 23 فیصد اضافے اور ٹیکس گوشوارے کو سادہ بنا کر ایک صفحے تک محدود کرنے جیسی تجاویز بھی شامل ہیں۔