Central Directorate of National Savings نے مختلف قومی بچت اسکیموں کے منافع کی شرح میں رد و بدل کیا ہے، تاہم بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح کو بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ اسکیم وفاقی حکومت نے 2003 میں بیواؤں اور بزرگ شہریوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے متعارف کرائی تھی، جس کا دائرہ بعد میں معذور افراد اور خصوصی بچوں کے سرپرستوں تک بڑھا دیا گیا۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس مختلف مالیتوں میں دستیاب ہیں جن میں 5 ہزار، 10 ہزار، 50 ہزار، 1 لاکھ، 5 لاکھ اور 10 لاکھ روپے کے سرٹیفکیٹس شامل ہیں۔ سرمایہ کار ان میں اپنی سہولت کے مطابق رقم لگا سکتے ہیں۔
قواعد کے مطابق اس اسکیم میں کم از کم سرمایہ کاری 5 ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ انفرادی حد 75 لاکھ روپے مقرر ہے۔ منافع کی ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر کی جاتی ہے اور اس کا آغاز خریداری کی تاریخ سے ہو جاتا ہے۔
مزیدپڑھیں:بھارتی اداکار رماکانت دیاما 69 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
حکومتی اعلان کے مطابق بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 12 فیصد برقرار رکھی گئی ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 1000 روپے منافع حاصل ہوگا۔
مزید یہ کہ اس اسکیم سے حاصل ہونے والی آمدن پر کوئی ودہولڈنگ ٹیکس عائد نہیں کیا جاتا جبکہ اس پر زکوٰۃ کی کٹوتی بھی نہیں ہوتی، جس سے یہ اسکیم مستحق اور محدود آمدن والے افراد کیلئے مزید پرکشش بن جاتی ہے۔









