سلام آباد: 3 جون پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے صوبہ پوٹھوہار(pothohar province) سمیت انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے فوری بنانے کے لیے بجٹ سے پہلے اٹھائیسویں ترمیم منظور کی جائے۔
یہ مطالبہ صوبہ پوٹھوہار تحریک کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ خطہ پوٹھوہار کی معروف روحانی شخصیت اور سرپرست اعلیٰ صوبہ پوٹھوہار تحریک پیر آغا جی سرکار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں صوبہ پوٹھوہار تحریک کے کنوینر زاہد ملک، سیکریٹری اطلاعات ملک شکیل اعوان نے شرکت کی۔
صوبہ پوٹھوہار تحریک کے سیکرٹری ملک مصطفی اعوان اور رابطہ سیکریٹری راجہ تسلیم کیانی نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پوٹھوہار کے قیام کے لیے خطے کے تمام ریجنز میں رابطوں کو تیز کیا جائے۔
اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ قومی سطح پر انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے لیے ملک گیر رابطوں کا آغاز کیا جائے۔ پیر آغا جی سرکار نے کہا کہ پوٹھوہار کے مقامی باشندوں کے حقوق کا تحفظ صوبہ پوٹھوہار کے قیام سے ہی ممکن ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب حکومت، کاروباری اوقاتِ کار میں توسیع، نئی ٹائمنگ کا نوٹیفکیشن جاری
صوبہ پوٹھوہار تحریک کے کنوینر زاہد ملک نے کہا کہ خطے کے تمام ریجنز صوبہ پوٹھوہار کے قیام پر متفق ہیں۔ خطے میں آباد مقامی برادریوں کے قائدین سے مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی طے کریں گے۔
اس موقع پر پیر آغا جی سرکار نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے تحریک کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔









