وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی (Mohsin Naqvi) ایک اہم سفارتی دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ ایران کی اعلیٰ قیادت کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی ساتھ لے کر گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای تک بھی خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔ ملاقاتوں میں خطے میں جاری سیاسی و سفارتی پیش رفت اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
مزید پڑھیں؛وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال اور دورۂ تہران پر مشاورت
تہران روانگی سے قبل محسن نقوی نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی، جبکہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو دورے کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دیں۔
عرب میڈیا کے ذرائع کے مطابق تہران میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے مختلف طریقوں پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران کے منجمد فنڈز کے معاملے میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم فنڈز کے حجم اور ان کی ممکنہ ریلیز کے وقت کے حوالے سے ابھی اختلافات موجود ہیں۔









