اسلام آباد(نیوزڈیسک)ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔
حافظ حمد اللہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ عوام میں تاثر عام ہے کہ لاڈلا اب بھی لاڈلا ہے، کسی نہ کسی صورت میں کہیں نہ کہیں سے لاڈلے کو سہولت دی جارہی ہے، لاڈلے کو عدالت نے آئین شکن اور امریکی سازشی بیانیہ میں جھوٹا ثابت کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین شکن اور جھوٹے کو سہولت نہیں بلکہ سزا ہونی چاہیے، یہ وہ لاڈلا ہے جس نے ملک کو تین ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کی بات کی، فوج تباہ ایٹمی ہتھیار غیر محفوظ ہونے کی جسارت کی، عمران نیازی نے سیاسی قیادت، عدالت، اسٹیبلشمنٹ اور چیف کمشنر الیکشن کمیشن کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص آئین شکن، جھوٹ، بدتمیزی، بدزبانی، گالم گلوچ کا سر تاپا مجسمہ ہے، اس قسم کی بدنما بدبودار مجسمے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے لیکن بدقسمتی سے کچھ کرداروں کی جانب سے حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مگر پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتیں سہولت کاروں سمیت لاڈلے کا راستہ ہر محاذ پر روکیں گے، سہولت کار کرداروں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ عمران کے ساتھ ہے یا پاکستان کے ساتھ؟ سیاسی قیادت کا فیصلہ اٹل ہے کہ ہم آئین، قانون، جمہوریت، پارلیمنٹ اور پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو سہولت کاری دینے سے اداروں پر اعتماد ختم ہوجاتا ہے اور سوالات بھی اٹھتے ہیں جس سے، ادارے کمزور ہونے کے ساتھ ریاست بھی کمزور ہوجاتی ہے، اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے آپ کو متنازع ہونے سے محفوظ رکھیں۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ غیر متنازع فیصلوں سے اداروں کو پذیرائی ملتی ہے اور قبول کئے جاتے ہیں۔
لاڈلے اور اس کے سہولت کاروں کا راستہ ہر محاذ پر روکیں گے ،ترجمان پی ڈی ایم








