بیجنگ، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان (Chines Spokesman)نے امریکا اور ایران کے درمیان پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت کے متن پر اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو مثبت پیش رفت سمجھتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتتے ہوئے چینی ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک طے شدہ شیڈول کے مطابق معاہدے پر دستخط کریں گے۔
ترجمان سے پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اس اعلان پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ امریکا اور ایران مذاکرات کے ذریعے پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت کے متن پر متفق ہو گئے ہیں اور لبنان سمیت تمام خطوں میں فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کیا گیا ہے۔
لین جیان نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ تمام متعلقہ فریق امن کے راستے پر کاربند رہیں گے اور اپنے اختلافات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی اور سیاسی ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کی جلد بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
چینی ترجمان نے کہا کہ چین ہمیشہ سے سیاسی مکالمے اور پرامن مذاکرات کو تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کا مؤثر ترین ذریعہ قرار دیتا آیا ہے۔
مزید پڑھیں:اے سی سی مینز چیلنجر کپ: ویزا تنازع نے پورے ٹورنامنٹ کا نقشہ بدل دیا
ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت نہ صرف علاقائی کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے بلکہ وسیع تر استحکام اور امن کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا کرے گی۔









