بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران،امریکا معاہدہ، پاکستان کا مرکزی کردار، عالمی سفارتکاری میں نئی کامیابی قرار، بیرسٹر دانیال

راولپنڈی:وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری(Danyal chuhdary) نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے قیام میں پاکستان کا کلیدی کردار اور اس تاریخی پیش رفت کی میزبانی ملک کے بڑھتے ہوئے عالمی وقار، سفارتی ساکھ اور بین الاقوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مؤثر قومی سلامتی حکمت عملی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی مہارت اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی علاقائی رابطہ کاری نے اس اہم کامیابی کو ممکن بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کی قیادت کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں پر اعتماد دراصل پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور عالمی سطح پر اس کے مثبت تشخص کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور امن معاہدہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، سلامتی کی صورتحال میں بہتری اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ نہ صرف دیرپا امن اور استحکام کی بنیاد بنے گا بلکہ توانائی کی عالمی ترسیل کے نظام کو بھی بہتر بنائے گا، جس سے ترقی پذیر ممالک پر معاشی دباؤ میں کمی آئے گی۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات، سفارتکاری اور تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے، جبکہ حالیہ پیش رفت اسی اصولی مؤقف کی کامیاب عکاسی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور متحدہ عرب امارات سمیت دوست ممالک کی جانب سے مفاہمت اور مذاکرات کی حمایت کو بھی سراہا۔

مزید پڑھیں:نیب بلوچستان کا کریک ڈائون، اربوں مالیتی سرکاری اراضی واگزار کرالی

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ اس تاریخی امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے اور پوری قوم اس اہم سفارتی کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔