ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کل ایک اہم اور مختصر دورے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ ایک روزہ دورہ اعلیٰ سطحی رابطوں اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے اس مختصر لیکن اہم دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:ایران، امریکا مذاکرات میں پیش رفت، قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری
سفارتی ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران حالیہ ایران امریکہ مذاکرات کی تازہ پیش رفت بھی زیر غور آئے گی، جبکہ اسلام آبادمفاہمتی یادداشت کے بعد کی صورتحال پر بھی مشاورت کی جائے گی۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، بارڈر سیکیورٹی، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کریں گے۔سفارتی حلقوں کے مطابق اس اعلیٰ سطحی دورے کو پاکستان اور ایران کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔دورے کے دوران اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہوں گی، جن میں مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔








