بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

واقعہ کربلا میں پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق پوشیدہ ہے، سہیل آفریدی

سہیل آفریدی(sohail afridi) نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا میں پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق پوشیدہ ہے۔
یوم عاشور پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ کربلا میں نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین نے دین ِ اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کی، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کربلا کا واقعہ ہمیں قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمتِ رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا سے ظلم، جبر اور انسانیت کے استحصال کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سانحہ کربلا تاریخ کا ایک عظیم واقعہ ہے جو ظالم اور نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے، واقعہ کربلا میں پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق پوشیدہ ہے، حضرت امام حسین یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق و صداقت کے علمبردار تھے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ آپ نے ظالم و جابر حکمرانوں اور ان کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا، حضر ت امام حسین نے اپنے اہلِ خانہ سمیت عظیم قربانی پیش کی، آپ نے حق کی سربلندی کے لیے صبر، استقامت اور ثابت قدمی کی بے مثال مثال قائم کی، آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم، ناانصافی اور لاقانونیت کے خلاف متحد ہوں۔

مزیدپڑھیں:واقعہ کربلا ظلم اور تکبر کیخلاف نعرہ حق ہے، گورنر پنجاب

انہوں نے کہا کہ آپس کے اختلافات میں الجھنے کے بجائے ان عوامل کا خاتمہ کریں جو انتشار اور بے چینی کا سبب بنتے ہیں، غلبہ اسلام، استحکامِ پاکستان اور ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ایک زندہ اور باوقار قوم کی حیثیت سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔

سہیل اافریدی نے محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشورہ کے دوران امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔