بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران جنگ سے سب سے زیادہ فائدہ کس نے اٹھایا؟

امریکا(United States) اور اسرائیل (Israel)کی جانب سے ایران پر کیے گئے مشترکہ حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ نے عالمی معیشت کو شدید متاثر کیا تاہم کئی بڑے شعبوں نے اس بحران سے اربوں ڈالرز کا فائدہ حاصل کیا۔

الجزیرہ کی جانب سے ایران جنگ پر ایک تجزیاتی رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران جنگ کے نتیجے میں دفاعی کمپنیاں، تیل و گیس پیدا کرنے والی کمپنیاں، بحری جہاز رانی، انشورنس ادارے اور سرمایہ کاری بینکس سب سے بڑے مالی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمت ایک مرحلے پر بڑھ کر 126 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی تھی جس سے سعودی آرامکو، برٹش پیٹرولیم، شیل اور ٹوٹل انرجیز سمیت بڑی توانائی کمپنیوں کے منافع میں نمایاں اضافہ ہوا۔

جنگ کے بعد اسلحے کی طلب بڑھنے سے بوئنگ، لاک ہیڈ مارٹن، آر ٹی ایکس، نارتھروپ گرومن اور دیگر دفاعی کمپنیوں کو بھی اربوں ڈالرز کے نئے آرڈرز ملے جبکہ امریکا میں دفاعی بجٹ میں مزید 200 بلین ڈالرز کے اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

مزیدپڑھیں:وزیر داخلہ کی یوم عاشور پر مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر اداروں کی تعریف

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث بحری مال برداری کے کرائے اور جنگی انشورنس کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی جس سے شپنگ اور انشورنس کمپنیوں نے بھی غیر معمولی منافع کمایا۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث بڑی امریکی سرمایہ کاری بینکوں نے 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر تقریباً 48 بلین ڈالرز منافع حاصل کیا۔

الجزیرہ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق پیش گوئی پر مبنی تجارتی پلیٹ فارمز پر بھی جنگ سے متعلق مشکوک شرطوں کے ذریعے بعض سرمایہ کاروں نے لاکھوں ڈالر کمائے جبکہ بعض معاملات میں اندرونی معلومات کے استعمال کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔

رپورٹ میں شامل کی گئی ماہرین کی رائے کے مطابق اگرچہ جنگ بندی سے تیل کی قیمتیں دوبارہ کم ہو رہی ہیں لیکن اس تنازع سے کئی عالمی کمپنیوں نے قلیل مدت میں غیر معمولی مالی فوائد حاصل کیے ہیں۔