بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آئی اے نجکاری میں بڑی پیشرفت، انتظامی کنٹرول سرمایہ کار کنسورشیم کے حوالے

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے پہلی فنانشل کلوزنگ کامیابی سے مکمل کر لی، جس کے بعد قومی ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول عارف حبیب(Arif Habib) کارپوریشن لمیٹڈ کی قیادت میں قائم سرمایہ کار کنسورشیم کے حوالے کر دیا گیا۔

نجکاری کمیشن کے مطابق شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ (SPSA) کے تحت تمام پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد انتظامی اختیار منتقل کیا گیا، جو حکومت کے معاشی اصلاحاتی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست نجکاری پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے، جس کا مقصد معیشت میں نجی شعبے کے کردار کو فروغ دینا، سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق 23 دسمبر 2025 کو ہونے والی شفاف بولی کے نتیجے میں حکومت نے مجموعی طور پر 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری یقینی بنائی، جس میں 55 ارب روپے حکومت کو جبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں نئی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

پہلی فنانشل کلوزنگ کے تحت سرمایہ کار کنسورشیم نے حکومت پاکستان کو 10 ارب روپے ادا کر دیے ہیں، جبکہ پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے۔ اس سرمایہ کاری سے ایئرلائن کی مالی پوزیشن مستحکم ہوگی، فضائی بیڑے میں توسیع اور جدید طیاروں کا اضافہ ممکن ہوگا، جبکہ آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بھی بہتر بنائی جائیں گی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق معاہدے کے تحت دوسری فنانشل کلوزنگ آئندہ بارہ ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی، جس کے دوران مزید 45 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ اسی عرصے میں سرمایہ کار کنسورشیم اضافی 45 ارب روپے ادا کرکے حکومت کے پاس موجود باقی 25 فیصد حصص خریدنے کا اختیار بھی استعمال کر سکے گا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری پاکستان کی جانب سے ایک پیچیدہ اور بڑے مالیاتی معاہدے کو شفاف، منصفانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف معاشی اصلاحات کو تقویت ملے گی بلکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہوگا۔

مزید پڑھیں:سانگھڑ، بوبی آئل فیلڈ سے قبل از وقت خام تیل کی پیداوار شروع، او جی ڈی سی ایل

حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نجکاری کے عمل کے دوران ملازمین، مسافروں اور صارفین کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، جبکہ ایئرلائن کی پروازیں بلا تعطل جاری رہیں گی اور تمام متعلقہ فضائی قوانین اور ریگولیٹری نگرانی بدستور نافذ العمل رہے گی۔