اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق مشیرداخلہ واحتساب شہزاد اکبر مسلم لیگ ن کی طرف سے ان کے ملک سے فرارہونے کے دعوے پرنجی ٹی وی کے اسٹوڈیو میں پہنچ گئے۔
ہفتہ کے روز مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شہزاداکبر ملک سے جاچکے ہیں ،اسی لئے وہ سامنے نہیں آرہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کے ملک سے جانے کے بعد فوری طور پر دیگر حکومتی ارکان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں تاکہ وہ ملک نہ چھوڑ سکیں۔عظمیٰ بخاری کے اس بیان کے فوری بعد شہزاد اکبراسلام آبادمیں نجی ٹی وی کےسٹوڈیو پہنچ گئے ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کل ایک چینل نے میر ے متعلق خبر چلائی جس کے بعد اپوزیشن کی طرف سے میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، حالانکہ میں ملک میں ہی موجود ہوں،ن لیگی ترجمانوں کوپتہ نہیں کیا تکلیف ہے؟۔انہوں نے کہاکہ ملک کے باہر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،میرا ر ہنا،وڑھنا ،بچھونا پاکستا ن میں ہی ہے،میر ے ملک سے باہر جانے کی باتیں ہوائی ہیں ،معلوم نہیں ن لیگ کس بنیاد پر نام ای سی ایل میں ڈلوانا چاہتی ہے۔شہزاد اکبر نے کہاکہ میں گھرمیں آرام سے چھٹیا ںگزار رہا تھا مگرمریم اونگزیب اور عظمیٰ بخاری نے مجھے مجبورکیا کہ سامنے آئوں،دراصل یہ لوگ اپنی چوری چھپانے کے لئے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کے پاس نمبرگیم قابل اعتماد نہیں ہیںاگر انہیں اعتماد ہوتا تو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھتے ہوتے کہ اجلا س بلایا جائے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے انہیں بے نقاب کیا، یہ گھبراہٹ کا شکار ہیں اس لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں ،اپوزیشن کو صرف عمران خان کی ذات سے اختلاف ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عدم اعتمادکا معاملہ جلدانجام کو پہنچے تاکہ غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ابھی بھی مقبول رہنما ہیں،اس سے پہلے حکومت میں رہتے ہوئے کسی لیڈر کی اتنی مقبولیت نہیں رہی،اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔