بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران کے مذاکرات سے انکار پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ

عالمی منڈی میں بدھ کے روز ابتدائی کاروبار کے دوران خام تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جس کی وجہ ایران کی جانب سے امریکی نمائندوں سے مذاکرات نہ کرنے کے اعلان کو قرار دیا جا رہا ہے،اس پیش رفت نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری عارضی جنگ بندی کے مستقبل سے متعلق خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

بین الاقوامی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت 33 سینٹ (0.45 فیصد) اضافے کے بعد 73.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 34 سینٹ (0.49 فیصد) بڑھ کر 69.84 ڈالر فی بیرل ہو گیا،اماراتی مربن خام تیل کی 69.10 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف منگل کو دوحہ پہنچے، جہاں وائٹ ہاؤس کے مطابق اعلیٰ سطحی مذاکرات ہونا تھے، تاہم ایران اور میزبان ملک قطر نے واضح کیا کہ امریکی وفد کی ملاقات براہِ راست ایرانی حکام سے نہیں بلکہ ثالثوں کے ذریعے ہوگی۔

ادھر قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے امریکی وفد سے ملاقات کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے کے بعد تیل کی رسد میں رکاوٹ کے خدشات کم ہوئے ہیں، جس کے باعث 2026 کے لیے تیل کی قیمتوں کی پیش گوئیوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے۔

مزیدپڑھیں:عوام کیلئے اچھی خبر! سولر پینلز، بیٹریاں اور انورٹرز سستے ہوگئے

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ سے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہو چکی ہے۔

دوسری جانب امریکی پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ (API) کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا میں خام تیل کے ذخائر 6.1 ملین بیرل کم ہوئے، جبکہ پیٹرول کے ذخائر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

سرمایہ کار اب امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرکاری اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جو بدھ کو جاری کیے جائیں گے۔