امریکا کا دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر ہونے والی بڑے پیمانے کی آتش بازی (Washington Fire Works)کے بعد چند گھنٹوں کے لیے دنیا کا سب سے زیادہ فضائی آلودگی والا بڑا شہر بن گیا۔
سوئٹزر لینڈ کی فضائی معیار پر نظر رکھنے والی کمپنی آئی کیو ایئر کے مطابق آتش بازی سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث اتوار کی صبح تقریباً 3 بجے سے 5 بجے کے درمیان واشنگٹن ڈی سی میں فضائی آلودگی کی سطح غیر معمولی حد تک بڑھ گئی۔
یہ آتش بازی وائٹ ہاؤس کے پروگرام کے تحت منعقد کی گئی، جس کا مقصد 40 منٹ میں 8 لاکھ 50 ہزار آتش بازی کے گولے فائر کر کے عالمی ریکارڈ قائم کرنا تھا۔
شہر میں آلودہ ذرات کی مقدار بعض مقامات پر 200 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر سے تجاوز کر گئی۔امریکی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کے مطابق 24 گھنٹے کے لیے محفوظ حد 35 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر ہے۔
فضائی آلودگی میں اضافے کے بعد واشنگٹن، پڑوسی ریاستوں ورجینیا اور میری لینڈ کے بعض علاقوں میں کوڈ پرپل الرٹ جاری کیا گیا، جس کا مطلب ہے کہ فضائی آلودگی کی سطح پوری آبادی کے لیے غیر صحت بخش ہو چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اتوار کی دوپہر ہونے والی بارش دھوئیں کو منتشر نہ کرتی تو فضائی آلودگی کی صورتِ حال مزید سنگین ہو سکتی تھی۔
مزید پڑھیں:گرمی کی شدید لہر، یورپ میں تباہی، جنگلوں میں آگ پر قابو پانا مشکل ہوگیا
دوسری جانب امریکی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی کی ترجمان بریجٹ ہرش نے تقریبات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ آتش بازی ایک شاندار روایت ہے اور امید ہے کہ لوگوں نے امریکا کی 250 سالہ تقریبات کے موقع پر ہونے والے اس منفرد مظاہرے سے لطف اٹھایا ہو گا۔








