اوپن اے آئی (OpenAI) نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعرات کو اپنا اب تک کا جدید ترین مصنوعی ذہانت (AI) ماڈل جی پی ٹی-5.6 سول (GPT-5.6 Sol) عوام کے لیے متعارف کرائے گا۔ یہ لانچ گزشتہ ماہ امریکی حکومت کی درخواست پر قومی سلامتی سے متعلق خدشات کے باعث مؤخر کر دی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت کو خدشہ تھا کہ انتہائی طاقتور مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کا غلط استعمال چین، روس یا دیگر ممالک کے فوجی اور انٹیلی جنس ادارے کر سکتے ہیں، جس کے باعث ان ماڈلز کے اجرا سے قبل اضافی جانچ پڑتال کی گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے ایکسیوس (Axios) نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی محکمہ تجارت (U.S. Department of Commerce) نے نئی حکومتی نگرانی کے فریم ورک کے تحت اضافی ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد جی پی ٹی-5.6 کی وسیع پیمانے پر دستیابی کی منظوری دے دی ہے۔
اوپن اے آئی نے ابتدائی طور پر اس ماڈل تک رسائی صرف محدود تعداد میں تصدیق شدہ شراکت داروں کو دی تھی، جن کی تفصیلات بھی متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کی گئی تھیں۔
کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں بتایا کہ جی پی ٹی-5.6 سول (GPT-5.6 Sol) کے ساتھ ٹیرا (Terra) اور لونا (Luna) نامی نئے ماڈلز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
اوپن اے آئی کے مطابق سول (Sol) کمپنی کا اب تک کا سب سے جدید اور طاقتور ماڈل ہے، جبکہ ٹیرا (Terra) درمیانی درجے کا نسبتاً کم لاگت والا ماڈل ہوگا اور لونا (Luna) سب سے زیادہ کم لاگت اور مؤثر آپشن کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
GPT-5.6 Sol, along with Terra and Luna, will launch publicly this Thursday.
We’re expanding preview access globally now. pic.twitter.com/Uk5HcfSc2e
— OpenAI (@OpenAI) July 8, 2026
دوسری جانب وائٹ ہاؤس (White House) اور امریکی محکمہ تجارت نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ (Donald Trump) کے دستخط کردہ ایک ایگزیکٹو آرڈر کے بعد جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی ریلیز پر حکومتی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت اے آئی ڈویلپرز کو اپنے جدید ماڈلز عوامی اجرا سے قبل محدود مدت کے لیے امریکی حکومت کے جائزے کے لیے پیش کرنا ہوتا ہے۔
ادھر اینتھروپک (Anthropic) نے بھی خبردار کیا ہے کہ کسی بھی مصنوعی ذہانت کے ماڈل کو مکمل طور پر جیل بریک (Jailbreak) حملوں سے محفوظ بنانا شاید ممکن نہ ہو، جبکہ ایک ایسے “یونیورسل جیل بریک” کے خطرے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جو نقصان دہ سرگرمیوں کی پوری ایک کلاس کو فعال کر سکتا ہے








