اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف(PTI) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات کرائی گئی، جس کے دوران دونوں نے اپنی صحت اور زیرِ سماعت قانونی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی اور تقریباً 25 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات جیل حکام کی نگرانی میں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق منعقد ہوئی، اس دوران دونوں نے اپنی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ جاری مقدمات اور آئندہ قانونی حکمت عملی سے متعلق بھی گفتگو کی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات سے قبل ان کے اہلِ خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت دی گئی۔ اس موقع پر بشریٰ بی بی کی بیٹی اور بھابھی نے کانفرنس روم میں ان سے ملاقات کی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران خاندانی امور اور ان کی خیریت سے متعلق گفتگو کی گئی۔
مزیدپڑھیں:گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، خریدار پریشان
ذرائع کے مطابق اہلِ خانہ سے ملاقات مکمل ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو عمران خان سے ملنے کیلئے کانفرنس روم لایا گیا، جہاں دونوں نے محدود وقت میں مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، تاہم ملاقات کی مزید تفصیلات سرکاری سطح پر جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی مختلف مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ان سے ملاقاتیں عدالتی احکامات اور جیل قوانین کے تحت کرائی جاتی ہیں، حالیہ ملاقات کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اس ملاقات کے بعد کسی نئے قانونی یا انتظامی فیصلے کا اعلان سامنے نہیں آیا، جبکہ جیل حکام کی جانب سے بھی ملاقات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں








