بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہیں، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہے، سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی (Cross Border Terrorism)کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورہ کے دوران نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، مسلح افواج، قوم کی حمایت کے ساتھ، ان پراکسی عناصر کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گی، پراکسی عناصر کو پاکستان کے امن اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ جنگیں بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں:اداکار منیش پال کی والدہ ارمل پال 76 برس کی عمر میں چل بسیں

فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسران دیانت داری، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کی اعلیٰ اقدار کو مقدم رکھیں۔کورس میں تینوں مسلح افواج کے افسران شریک تھے، فیلڈ مارشل نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالی۔