اگر آپ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پبلک ہے تو اب کوئی بھی شخص آپ کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت(Artificial Intaligence) کے ذریعے نئی تصاویر بنانے کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔مواد کے بارے میں متعلقہ صارف کو اطلاع نہیں دی جائے گی، میٹا
رپورٹ کے مطابق کوئی بھی شخص میٹا کے مصنوعی ذہانت والے نظام میں عوامی انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ٹیگ کر کے اس پروفائل پر موجود تصاویر کو حوالہ بنا سکتا ہے، جس کے بعد نظام ان تصاویر کی مدد سے نئی تصاویر تیار کردیتا ہے۔
میٹا کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے گئے مواد کے بارے میں متعلقہ صارف کو اطلاع نہیں دی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ عوامی اکاؤنٹ رکھنے والے افراد کو علم بھی نہیں ہو سکے گا کہ ان کی تصاویر کو کسی مصنوعی ذہانت کے مواد میں استعمال کیا گیا ہے۔
انسٹاگرام نے ترتیبات میں شیئرنگ اور دوبارہ استعمال سے متعلق دو نئے اختیارات شامل کیے ہیں، جن کے ذریعے صارف اپنی پوسٹس اور مختصر ویڈیوز کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے دوبارہ استعمال ہونے سے روک سکتے ہیں۔
تاہم یہ حفاظتی اختیارات خودکار طور پر فعال نہیں بلکہ صارف کو خود انہیں تبدیل کرنا ہوگا۔ یہ پابندی صرف مستقبل میں ہونے والے استعمال کو روکتی ہے، جبکہ پہلے سے تیار کی گئی مصنوعی تصاویر پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔
رپورٹس کے مطابق بعض صارفین کے اکاؤنٹس میں ابھی تک یہ اختیارات نظر نہیں آ رہے، جس کا مطلب ہے کہ کچھ افراد کو فی الحال یہ فیصلہ کرنے کا موقع نہیں ملا کہ وہ اپنی تصاویر کو مصنوعی ذہانت کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
مزید پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان، دو گروپوں میں خونریز تصادم، 6 افراد قتل، 6زخمی ہوگئے
میٹا اس سے قبل بھی صارفین کے ڈیٹا کے استعمال پر تنقید کا سامنا کر چکا ہے۔ 2019 میں امریکی ادارے نے کیمبرج اینالیٹیکا معاملے پر میٹا پر ریکارڈ جرمانہ عائد کیا تھا، جبکہ 2021 میں کمپنی نے چہرہ شناخت کرنے والا نظام بھی بند کر دیا تھا۔








