بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب، صحت انصاف کارڈ،لنگر خانے، پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی حکومت واپس آنے کے بعد صوبے میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے اور پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ختم ہو گیا، اجلاس کے دوران عمران خان نے قانونی ٹیم کو مبادکباد دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات میں مشاورت پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ سبطین خان کو دیئے جانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا،
پنجاب میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے اور پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد لانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف فوری طور پر عدم اعتماد لائی جائے گی جبکہ عمران خان جمعرات کو لاہور کا دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران پی ٹی آئی چیئر مین صوبائی کابینہ کی بھی منظوری دیں گے۔
اجلاس کے دوران عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کے ٹولے نے ملک کو تباہ کر دیا، عوام جاگ چکی ہے، ضمنی انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا دیا، قوم کو پتہ چل چکا ہے کون جھوٹا ہے اور کون سچا ہے، سپریم کورٹ نے آئین و قانون کی مطابق سچ کا ساتھ دیا۔