بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

   ارکان اسمبلی کا پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے قومی لائحہ عمل تشکیل دینے کےعزم کا اظہار

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پائیدار ترقی کے اہداف کے اور ایس ڈی جیز نیشنل فریم ورک 2030 کی تشکیل کے حصول کے لیے قومی اور صوبائی کی اسمبلیوں کے ارکان کا اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں 2030 کے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کیا گیا اور ان کی نگرانی اور عمل درآمد کے لیے ایک قومی فریم ورک تشکیل دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا یہ فریم ورک ایس ڈی جیز قومی اجلاس کے شرکاء کی تجویز کی روشی میں تشکیل دیا جائے گا۔
ایس ڈی جیز پر قومی اجلاس کا انعقاد قومی اسمبلی کی پارلیمانی ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اور یورپی یونین کے منصوبے مستحکم پارلیمنٹ کے تعاون سے کیا گیا۔ یہ دو روزہ ایس ڈی جیز پر قومی اجلاس آج(جمعرات کو) بھی جاری رہےگا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس تقریب کے افتتاحی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، اور وزیراعظم کی معاون خصوصی/ ایس ڈی جیز پر پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینر محترمہ رومینہ خورشید عالم نے تقریب کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجود حکومت ایس ڈی جیز کے اہداف کے حصول کے لیے ایک جامع اور پائیدار پالیسی تشکیل دے رہی وہ مستقبل میں تعمیر و ترقی اور کامیابی کا تعین کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے 2030 پر عملدرآمد پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کی راہ پر گامزن کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2016 میں متفقہ قرارداد کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کو اپنے قومی ترقی کے ایجنڈے کے طور پر اپناتے ہوئے 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی، صحت کے شعبے میں درپیش مسائل، اقتصادی ترقی میں حائل رکاوٹوں، غربت، صنفی عدم مساوات اور سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ایس ڈی جیز کے ایجنڈا 2030 پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں SDGs پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے عوام میں ان اہداف کے متعلق شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کانفرنس کے انعقاد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہرممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔
انہوں نے قومی اسمبلی کی پارلیمانی ٹاسک فورس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو اس عمل میں ایک اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر کام کر رہی ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی محترمہ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا مقصد پورے پاکستان کے اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا ہے تاکہ ایس ڈی جیز کے حصول کے لیے قومی سطح پر اقدام اٹھانے، شراکت داری قائم کرنے کے لیے مہارت اور حل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ایس ڈی جیز پر قومی اجلاس میں پاکستان کے مسائل جیسے کہ ماحولیاتی انحطاط، بڑھتی ہوئی غربت، خوراک کی کمی، توانائی کے مسائل اور سیلاب پر قابو پانا، کووڈ 19 کے بعد کی صورتحال پر غور و خوض کیا گا۔ اس تقریب کو مستحکم پارلیمان کی حمایت حاصل ہے، جو یورپی یونین کا ایک منصوبہ ہے جو پاکستان میں پارلیمانی ترقی کے لیے مدد فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ اس منصوبے پر جرمن ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (GIZ-INS) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی افیئرز (PIPS) کے ذریعے عمل کیا جا رہا ہے۔